Wednesday 18 March 2015

چلی ہے شہر میں اب کے ہوا ترک تعلق کی

چلی ہے شہر میں اب کے ہوا ترکِ تعلق کی
کہیں ہم سے نہ ہو جائے خطا ترکِ تعلق کی
بناوٹ گفتگو میں، گفتگو بھی اُکھڑی اُکھڑی سی
تعلق رسمی رسمی سا، ادا ترکِ تعلق کی
ہمیں وہ صبر کے اس موڑ تک لانے کا خواہاں ہے
کہ تنگ آ جائیں ہم، مانگیں دعا ترکِ تعلق کی
بہانے ڈھونڈتا رہتا ہے وہ ترکِ مراسم کے
اسے ویسے بھی عادت ہے ذرا ترکِ تعلق کی
یہ بندھن ہم نے باندھا تھا سلامت ہم کو رکھنا تھا
بہت کوشش تو اس نے کی سدا ترکِ تعلق کی
وہ ملتا بھی محبت سے ہے لیکن عادتاً ساجدؔ
کئے جاتا ہے باتیں جا بجا ترکِ تعلق کی

اعتبار ساجد

No comments:

Post a Comment