Sunday, 29 March 2015

سانحہ کتنا بڑا ہے سانحے کو کیا پتہ

سانحہ کتنا بڑا ہے، سانحے کو کیا پتہ
کون زَد میں آ گیا ہے، حادثے کو کیا پتہ
چلنے والا عمر بھر چلتا رہے اس پر، مگر
کس کی منزل کس طرف ہے، راستے کو کیا پتہ
دو دلوں کے درمیاں زنجیر کی صورت رہا
کس نے توڑا، کیسے توڑا، رابطے کو کیا پتہ
یہ تماشا دیکھتا ہے، ہاتھ تھامے گا نہیں
کون تھک کر گر پڑا ہے، فاصلے کو کیا پتہ
چاند کی صورت میں کم ہوتا ہے، بڑھتا ہے مگر
کیوں اچانک ٹوٹتا ہے، سلسلے کو کیا پتہ
سرگراں پھرتا ہے چندا، کس کی ہے اس کو تلاش
رات بھر کیوں جاگتا ہے، رتجگے کو کیا پتہ
زندگانی کی کہانی، رات بھر کی ہے بتولؔ
جل کے بجھنا ہے مقدر، یہ دِیئے کو کیا پتہ

فاخرہ بتول

No comments:

Post a Comment