Tuesday, 7 March 2017

برے جو تخت پہ حاکم بٹھا دئیے گئے ہیں

برے جو تخت پہ حاکم بٹھا دئیے گئے ہیں 
یہ دکھ بھی ہم کو بطورِ سزا دئیے گئے ہیں
صلے تو دیکھئے الفت کے کیا دئیے گئے ہیں 
لہو کے داغ بدن پر سجا دئیے گئے ہیں
میں دیکھ دیکھ کے حیران ہو رہا ہوں بہت 
مِری ہی بات کو مفہوم کیا دئیے گئے ہیں
کہاں کا عدل کہ یک طرفہ فیصلے تھے سبھی 
جو حاکموں کے کہے پر سنا دئیے گئے ہیں
تُو ذکر کرتا ہے اے دوست! دست و بازو کا 
یہاں تو ذہن، اپاہج بنا دئیے گئے ہیں
وہ جن سے تھی کوئی امید کی کرن روشن
وہ جذبے لوریاں دے کر سُلا دئیے گئے ہیں
ہمارے قتل کا الزام ان کے سر تو نہیں 
یہ جن کی جیب پہ تمغے سجا دئیے ہیں
تمام فیصلے تلوار کرنے آئی تھی 
مصالحت کے مواقع گنوا دئیے گئے ہیں
ضرور آئے گا اب رزق اپنے بچوں تک 
کہ ان کے ہاتھوں میں کاسے تھما دئیے گئے ہیں
ہنر وروں کو میں غزنی سلام کرتا ہوں 
سمندروں میں بھی ساحل بنا دئیے گئے ہیں
ہے ایک جشن بپا قاتلوں کی بستی میں 
کرائے قتل کے، غزنی، بڑھا دئیے گئے ہیں

محمود غزنی

No comments:

Post a Comment