Thursday, 9 March 2017

میں نے عکس اس کا شعر میں ایسا اتارا تھا

میں نے عکس اس کا شعر میں ایسا اتارا تھا
سب نے مِرے کلام کا صدقہ اتارا تھا
پھر اس کے بعد گر گیا سونے کا بھاؤ بھی
اک شام اس نے کان سے جھمکا اتارا تھا
کل رات فیض یاب ہوا تھا گناہ سے
کل رات پارسائی کا دھبہ اتارا تھا
کس راہ پر لے آئی ہے یہ مفلسی مجھے
میں نے ابھی سکول کا بستہ اتارا تھا
خود کو سرِ وصال کِیا تھا سپردِ ہجر
اک روز یوں بھی قرضِ تمنا اتارا تھا
برسوں پرانا زخم کوئی یاد آ گیا
کل شب ہوا نے پیڑ سے پتا اتارا تھا
اختؔر وہ چہرہ دھیان میں لانے کی دیر تھی
لہروں نے مجھ کو ساحلوں پر جا اتارا تھا

‫اختر رضا سلیمی

No comments:

Post a Comment