Wednesday, 14 May 2014

ہر چند سہارا ہے تیرے پیار کا دل کو

 ہر چند سہارا ہے تِرے پیار کا دل کو

رہتا ہے مگر ایک عجب خوف سا دل کو

وہ خواب کہ دیکھا نہ کبھی لے اڑا نیندیں

وہ درد کہ اٹھا نہ کبھی، کھا گیا دل کو

یا سانس کا لینا بھی گزر جانا ہے جی سے

یا معرکۂ عشق بھی اک کھیل تھا دل کو

وہ آئیں تو حیران، وہ جائیں تو پریشان

یارب کوئی سمجھائے یہ کیا ہو گیا دل کو

سونے نہ دیا شورشِ ہستی نے گھڑی بھر

میں لاکھ ترا ذکر سناتا رہا دل کو

رودادِ محبت نہ رہی اس کے سوا یاد

اک اجنبی آیا تھا اڑا لے گیا دل کو

جز گردِ خموشی نہیں شہرتؔ یہاں کچھ بھی

کس منزلِ آباد میں پہنچا لیا دل کو


شہرت بخاری

No comments:

Post a Comment