خموشی کی زبان میں گفتگو کرنی بھی آتی ہے
ہمیں اشکوں سے شرحِ آرزو کرنی بھی آتی ہے
فقط ہاتھوں کو مہندی سے رچانا ہی نہیں آتا
انہیں ہر آرزو میری لہو کرنی بھی آتی ہے
نہیں دشوار کوئی، منزلِ مقصود کا ملنا
ادب مانع ہے، لیکن بارگاہِ ناز میں جا کر
ہمیں ہر بات ان سے روبرو کرنی بھی آتی ہے
کہیں ایسا نہ ہو گھبرا کہ وہ محفل سے اٹھ جائیں
کہ اس ناچیز کو کچھ ہا و ہو کرنی بھی آتی ہے
کسی کے مرتبے کا پاس ہے وقتِ سخن لازم
تمہیں واعظ کسی سے گفتگو کرنی بھی آتی ہے
بہا کر خونِ دل، ارمانِ سب اپنے لہو کر کے
ترے کوچے کی مٹی سرخرو کرنی بھی آتی ہے
جنابِ شیخ اکثر مے کدے سے بے پیے نکلے
بحمداللہ عبادت بے وضو کرنی بھی آتی ہے
نصیرؔ اپنوں کی عزت لوگ کرتے آئے ہیں لیکن
وہ ہم ہیں جن کو تعظیمِ عدو کرنی بھی آتی ہے
سید نصیرالدین نصیر
No comments:
Post a Comment