Wednesday 3 January 2018

یاد کا پھر کوئی دروازہ کھلا آخر شب

یاد کا پھر کوئی دروازہ کھلا آخرِ شب
دل میں بکھری کوئی خوشبوئے قبا آخرِ شب
صبح پھوٹی تو وہ پہلو سے اٹھا آخرِ شب
وہ جو اک عمر سے آیا نہ گیا آخرِ شب
چاند سے ماند ستاروں نے کہا آخرِ شب
کون کرتا ہے وفا، عہدِ وفا آخرِ شب
لمسِ جانانہ لیے، مستئ پیمانہ لیے
حمدِ باری کو اٹھے دستِ دعا آخرِ شب
گھر جو ویراں تھا سرِ شام وہ کیسے کیسے
فرقتِ یار نے آباد کیا آخرِ شب
جس ادا سے کوئی آیا تھا کبھی اولِ شب
اسی انداز سے چل بادِ صبا آخرِ شب

فیض احمد فیض

No comments:

Post a Comment