Tuesday 6 January 2015

ہر اک قدم پہ رنگ فشانی سفر میں ہے

ہر اک قدم پہ رنگ فشانی سفر میں ہے
ہمراہ جب سے دلبرِ جانی سفر میں ہے
بچپن کے سارے خواب کچلنے پڑے جسے
آزردہ آج بھی وہ جوانی سفر میں ہے
راہِ وفا میں تُو نے عطا کی ہے جو مجھے
روشن وہ ایک ایک نشانی سفر میں ہے
دیوانوں کا بھی رختِ سفر دیکھ اِک نظر
نان و نمک نہ آگ نہ پانی سفر میں ہے
دیکھا سفر میں اِک رخِ تاباں تو یوں لگا
گویا زمیں پہ خاورِ ثانی سفر میں ہے
وہ قوم راہِ راست سے بھٹکے گی کس طرح
آباء کی جس کو یاد کہانی سفر میں ہے
آگے ہی بڑھتے جانا ہے راغبؔ تمام عمر
دریا کا جس طرح سے یہ پانی سفر میں ہے

افتخار راغب

No comments:

Post a Comment