Friday 9 January 2015

صبح نو ہم تو ترے ساتھ نمایاں ہوں گے

صبحِ نَو ہم تو تِرے ساتھ نمایاں ہوں گے
اور ہوں گے جو ہلاکِ شبِ ہجراں ہوں گے
صدمۂ زیست کے شکوے نہ کر اے جانِ رئیسؔ
بخدا یہ نہ تِرے درد کا داماں ہوں گے
میری وحشت میں ابھی اور ترقی ہو گی
تیرے گیسو تو ابھی اور پریشاں ہوں گے
آزمائے گا بہرحال ہمیں جبرِ حیات
ہم ابھی اور اسیرِ غمِ دوراں ہوں گے
عاشقی اور مراحل سے ابھی گزرے گی
امتحاں اور محبت کے مِری جاں ہوں گے
قلبِ پاکیزہ نہاد و دلِ صافی دے کر
آئینہ ہم کو بنایا ہے تو حیراں ہوں گے
صدقۂ تیرگئ شب سے گِلہ سنج نہ ہو
کہ نئے چاند اسی شب سے فروزاں ہوں گے

رئیس امروہوی

No comments:

Post a Comment