Friday, 9 January 2015

ایسا بھی زندگی میں آتا ہے اک زمانہ

ایسا بھی زندگی میں آتا ہے اک زمانہ
ہر چیز پر نگاہیں پڑتی ہیں عاشقانہ
باوصف خود پسندی یہ کربِ درد مندی
بیگانگی کے دعوے اور اس قدر یگانہ
تم بھی نہیں سمجھتے کتنے جمیل ہو تم
میری نظر سے پوچھو یہ رمزِ عاشقانہ
اللہ رے تیری عظمت، اے کافرِ محبت
اف رے تیرا زمانہ، اے حاصلِ زمانہ
تہذیبِ دیدہ و دل بے سوز جاں نہیں ہے
یا عقلِ والہانہ یا عشقِ والہانہ
یہ بھی خبر نہیں ہے گھائل ہوا ہوں کس سے
دل میں کھٹک رہا ہے اک تیرِِ بے نشانہ
عبرت سرائے دنیا، حیرت سرائے عقبیٰ
یہ بھی قمار خانہ، وہ بھی قمار خانہ

رئیس امروہوی

No comments:

Post a Comment