Thursday 8 January 2015

اس کو کہتے ہیں اچانک ہوش میں آنے کا نام

اس کو کہتے ہیں اچانک ہوش میں آنے کا نام
رکھ دیا دانش کدہ، رِندوں نے مے خانے کا نام
حُور ہے رعنائِ نِسواں کا اک نقلی لباس
خُلد ہے، زاہد کے دانستہ بہک جانے کا نام
آپ پر بھی وار ہو دل کا، تو پوچھیں آپ سے
عشق بیماری کا غلبہ ہے کہ افسانے کا نام
بے رخی کیا ہے، لگاوٹ تیز کرنے کا عمل
دلبری کیا ہے، مکمل طوق پہنانے کا نام
زندگی ہے دوسروں کے حکم پر مرنے کا جشن
موت ہے اپنی رضامندی سے مر جانے کا نام
آگہی کیا ہے، مسلسل خود فریبی کا چلن
روشنی کیا ہے، فریبِ مستقل کھانے کا نام
ہیں عدمؔ کے ذکر پر کیوں آپ اتنے پرغضب
شمع کے ہمراہ آ جاتا ہے پروانے کا نام

عبدالحمید عدم

No comments:

Post a Comment