Saturday, 23 May 2015

بابل کی دعائیں لیتی جا جا تجھ کو سکھی سنسار ملے

فلمی ودائیہ گیت

بابل کی دعائیں لیتی جا، جا تجھ کو سُکھی سنسار ملے
میکے کی کبھی نہ یاد آئے، سسرال میں اتنا پیار ملے
بابل کی دعائیں لیتی جا

نازوں سے تجھے پالا میں نے، کلیوں کی طرح، پھولوں کی طرح
بچپن میں جھُلایا ہے تجھ کو بانہوں نے میری جھُولوں کی طرح
میرے باغ کی اے نازک ڈالی! تجھے ہر پَل نئی بہار ملے
بابل کی دعائیں لیتی جا

جس گھر میں بندھے ہیں بھاگ تیرے، اس گھر میں سدا تیرا راج رہے
ہونٹوں پہ ہنسی کی دھوپ کھلے، ماتھے پہ خوشی کا تاج رہے
کبھی جس کی جوت نہ ہو پھِیکی، تجھے ایسا رُوپ سِنگھار ملے
بابل کی دعائیں لیتی جا

بِیتیں تیرے جیون کی گھڑیاں، آرام کی ٹھنڈی چھاؤں میں
کانٹا بھی نہ چُبھنے پائے کبھی، میری لاڈلی تیرے پاؤں میں
اس دوار سے بھی دُکھ دُور رہیں جس دوار سے تیرا دوار ملے
بابل کی دعائیں لیتی جا

ساحر لدھیانوی

No comments:

Post a Comment