Sunday, 13 September 2026

اب کسی پار اتر جانے کو جی چاہتا ہے

 اب کسی پار اُتر جانے کو جی چاہتا ہے

زندگی یوں ہے کہ مر جانے کو جی چاہتا ہے

شوق کے ساتھ ہوا کھانے میں اک عُمر کٹی

اب جو سچ پوچھو تو گھر جانے کو جی چاہتا ہے

کشتئ جاں سے اُترنا ہی پڑے گا اک دن

بس اسی خوف سے ڈر جانے کو جی چاہتا ہے

حالِ دل کہتا پھروں شہر میں اوروں سے مگر

جب وہ پوچھے تو مُکر جانے کو جی چاہتا ہے

گُم ہے اس پار کہیں قوّتِ اظہار مِری

اس لیے حد سے گُزر جانے کو جی چاہتا ہے

جلوۂ آبِ رواں دیکھنے کی خواہش میں

موج در موج بکھر جانے کو جی چاہتا ہے


ندیم احمد

No comments:

Post a Comment