Saturday, 5 December 2015

فراق یار نے بے چین مجھ کو رات بھر رکھا

فراقِ یار نے بے چین مجھ کو رات بھر رکھا
کبھی تکیہ اِدھر رکھا، کبھی تکیہ اُدھر رکھا
برابر آئینے کے بھی نہ سمجھے قدر وہ دل کی
اسے زیرِ قدم رکھا، اسے پیشِ نظر رکھا
مٹائے دیدہ و دل دونوں میرے اشکِ خونیں نے
عجب یہ طفلِ ابتر تھا، نہ گھر رکھا نہ در رکھا 
تمہارے سنگِ در کا ایک ٹکڑا بھی جو ہاتھ آیا
عزیز ایسا کیا مر کر اسے چھاتی پہ دھر رکھا
نہ کی کس نے سفارش میری وقتِ قتل، قاتل سے
کماں نے ہاتھ جوڑے، تیغ نے قدموں پہ سر رکھا
تِرے ہر نقشِ پا کو رہگزر میں سجدہ کر بیٹھے
جہاں تُو نے قدم رکھا وہاں ہم نے بھی سر رکھا
امیرؔ اچھا شگونِ مے کیا ساقی کی فرقت میں رکھا
جو برسا ابرِ رحمت جائے مے شیشوں میں بھر رکھا

امیر مینائی

No comments:

Post a Comment