Thursday, 26 December 2019

کم قامتان شہر برابر کے ہو گئے

آوارگانِ شوق سبھی گھر کے ہو گئے
اک ہم ہی ہیں کہ کوچۂ دلبر کے ہو گئے
پھر یوں ہوا کہ تجھ سے بچھڑنا پڑا ہمیں
پھر یوں لگا کہ شہر سمندر کے ہو گئے
کچھ دائرے تغیر دنیا کے ساتھ ساتھ
ایسے کھنچے کہ ایک ہی محور کے ہو گئے
اس شہر کی ہوا میں ہے ایسا بھی اک فسوں
جس جس کو چھو گئی سبھی پتھر کے ہو گئے
سورج ڈھلا ہی تھا کہ وہ ساۓ بڑھے کہ شوقؔ
کم قامتانِ شہر برابر کے ہو گئے

رضی اختر شوق

No comments:

Post a Comment