Thursday, 12 December 2019

دل کو یوں سیل غم ہجر بہا لے جائے

دل کو یوں سیلِ غمِ ہجر بہا لے جائے
جیسے آندھی کسی پتے کو اڑا لے جائے
گھر سے نکلے ہو تو دیکھو نہ پلٹ کر کہ تمہیں
جانے کس سمت یہ آوارہ ہوا لے جائے
دل سے لٹ کر بھی سخاوت کی تمنا نہ گئی
کوئی اجڑا ہوا آئے تو دعا لے جائے
خاکِ مقتل میری پوشاک سنبھالے رکھنا
کیا خبر، کون یہ بوسیدہ قبا لے جائے
اس سے پہلے کہ خزاں چاٹ لے رنگت میری
میری خوشبو کا اثاثہ تو صبا لے جائے
اس کی زلفوں میں بچھی دھوپ بجھا دے کوئی
یا ہتھیلی سے کوئی رنگِ حنا لے جائے
اپنی سوچوں کے خزانے نہیں چھپتے مجھ سے
کوئی آئے جو مجھے خود سے چرا لے جائے
جس کا دامن بھی محبت سے ہو خالی محسنؔ
ہم غریبوں سے زرِ عہدِ وفا لے جائے

محسن نقوی

No comments:

Post a Comment