Wednesday, 19 February 2014

میاں میں شیر ہوں شیروں کی غراہٹ نہیں جاتی

میاں میں شیر ہوں، شیروں کی غرّاہٹ نہیں جاتی
میں لہجہ نرم بھی کر لوں تو جُھنجھلاہٹ نہیں جاتی
میں اِک دن بے خیالی میں کہیں سچ بول بیٹھا تھا
میں کوشش کر چکا ہوں منہ کی کڑواہٹ نہیں جاتی
جہاں میں ہوں وہیں آواز دینا جرم ٹھہرا ہے
جہاں وہ ہے وہاں تک پاؤں کی آہٹ نہیں جاتی
محبت کا یہ جذبہ جب خدا کی دَین ہے بھائی
تو میرے راستے سے کیوں یہ دُنیا ہٹ نہیں جاتی
وہ مجھ سے بے تکلّف ہو کے ملتا ہے، مگر راناؔ
نہ جانے کیوں میرے چہرے سے گھبراہٹ نہیں جاتی

منور رانا

No comments:

Post a Comment