جو مثلِ دوست، عدو کو بھی سرفراز کرے
اُس آدمی کی خدا زندگی دراز کرے
زمانہ شحنۂ سلطاں سے کاش یہ کہہ دے
کہ آہِ گوشہ نشیناں سے احتراز کرے
جسے ہو ایک توانائئ عظیم کی دُھن
مِری دعا ہے کہ اے تاجدارِ ہفت اقلیم
خدا تجھے بھی مِری طرح بے نیاز کرے
گزر چکا ہوں مقاماتِ آہ و شیون سے
زمانہ اب تو درِ چنگ و عود باز کرے
بِچھے ہوئے ہیں دل و دِیدہ اس تمنّا میں
کہ ایک روز وہ مشقِ خرامِ ناز کرے
ہتھیلیوں پہ لیے سر کھڑے ہیں اہلِ حرم
کہ کب وہ دَیر نشیں عزمِ ترکتاز کرے
دیارِ حرف و حکایت میں زلزلے آ جائیں
اگر وہ لرزشِ مِژگاں سے کشفِ راز کرے
بساطِ کیف پہ رقصاں ہوں انفس و آفاق
جو مشقِ زمزمہ وہ چشمِ نیم باز کرے
وہ بندۂ متکبر ہے جوشِؔ طرفہ مزاج
جو قدسیوں کو جھڑک دے، خدا سے ناز کرے
جوش ملیح آبادی
No comments:
Post a Comment