Monday, 4 May 2015

تشنگی وہ تھی کہ سیرابی کا چہرہ جل گیا

تشنگی وہ تھی کہ سیرابی کا چہرہ جل گیا
میں لبِ دریا جو پہنچا سارا دریا جل گیا
اب نئے منظر میں بیٹھا ہوں ارادوں کے بغیر
جُستجُو کی سانس کیا پھُولی کہ سینہ جل گیا
میں خزاں کا آئینہ تھا اپنی ویرانی سے خوش
تم نے مجھ میں باغ ڈھونڈا، میرا صحرا جل گیا
کیا بیاں ہو اِک تعلق ختم ہو جانے کا حال
دھوپ تھی انکار کی، خواہش کا سایہ جل گیا
رات محفل کی سماعت نے وہ تاریکی دکھائی
قصہ گو بُجھنے ہی والا تھا کہ قصہ جل گیا
کیا دوا، کیسی بحالی، آخری کوشش کے ساتھ
بسترِ بیمار پر دستِ مسیحا جل گیا
خواب میں دیکھا تھا خود کو راکھ ہونے کے قریب
نیند سے چونکا تو باہر کا تماشا جل گیا
حکم تھا آنکھیں کھلی رکھوں کہ شمعیں بجھ نہ جائیں
میں بھی اس خوبی سے جاگا جس نے دیکھا جل گیا

عزم بہزاد

No comments:

Post a Comment