Wednesday, 6 May 2015

سر طور کوئی جائے اسے آپ کیا کہیں گے​

عارفانہ کلام نعتیہ کلام

سرِ طُور کوئی جائے، اسے آپ کیا کہیں گے​
جسے خود خُدا بلائے، اسے آپ کیا کہیں گے​
جو ہوا کا رُخ بدل دے، ہمیں دعوتِ عمل دے​
جو شعور کو جگائے، اسے آپ کیا کہیں گے​
شب و روز دشمنوں کو جو دعاؤں سے نوازے​
جو ستم پہ مسکرائے، اسے آپ کیا کہیں گے​
جو کرے کلام رب سے، وہ لقب کلیمؑ پائے​
جو کلامِ رب سنائے، اسے آپ کیا کہیں گے​
جو خطائیں معاف کر دے، وہ خدائے لم یزل ہے​
جو خطائیں بخشوائے، اسے آپ کیا کہیں گے​
وہ خدا ہے، خَلق جس نے کِیا گلشنِ دو عالم​
جو بہار بن کے آئے، اسے آپ کیا کہیں گے​
کوئی اس کی عظمتوں کی مثال ہے، نہ ہو گی​
جو خُدا سے مِل کے آئے، اسے آپ کیا کہیں گے​
جو قمر کو توڑتا ہو، جو دلوں کو جوڑتا ہو​
جو یہ معجزے دکھائے، اسے آپ کیا کہیں گے​
وہ ہے کون، مہربانی جو کرے کسی کسی پر​
اور وہ جو سب کے کام آئے، اسے آپ کیا کہیں گے​
جو خُدا سے دُور کر دے، اسے کیا کہیں گے اعجازؔ​
ہمیں رب سے جو ملائے، اسے آپ کیا کہیں گے​

اعجاز​ رحمانی

No comments:

Post a Comment