Friday 5 June 2015

بے نیاز غم پیمان وفا ہو جانا


بے نیازِ غمِ پیمانِ وفا ہو جانا
تم بھی اوروں کی طرح مجھ سے جدا ہو جانا
میں بھی پلکوں پہ سجا لوں گا لہو کی بوندیں
تم بھی پا بستۂ زنجیرِ حِنا ہو جانا
گرچہ اب قرب کا امکاں ہے بہت کم پھر بھی
کہیں مِل جائیں تو تصویر نما ہو جانا
صرف منزل کی طلب ہو تو کہاں ممکن ہے
دوسروں کے لیے خود آبلہ پا ہو جانا
خلق کی سنگ زنی میری خطاؤں کا صِلہ
تم تو معصوم ہو تم دُور ذرا ہو جانا
اب مِرے واسطے تریاق ہے الحاد کا زہر
تم کسی اور پجاری کے خدا ہو جانا

احمد فراز​

No comments:

Post a Comment