Tuesday, 9 June 2015

رات اتنی جا چکی ہے اور سونا ہے ابھی

رات اتنی جا چکی ہے اور سونا ہے ابھی
اس نگر میں اِک خوشی کا خواب بونا ہے ابھی
کیوں دیا دل اس بتِ کم سِن کو ایسے وقت میں
دل سی شے جس کے لیے بس اک کھلونا ہے ابھی
ایسی یادوں میں گھِرے ہیں جن سے کچھ حاصل نہیں
اور کتنا وقت ان یادوں میں کھونا ہے ابھی
جو ہُوا ہونا ہی تھا، سو ہو گیا ہے دوستو
داغ اس عہدِ ستم کا دل سے دھونا ہے ابھی
ہم نے کھِلتے دیکھنا ہے پھر خیابانِ بہار
شہر کے اطراف کی مٹی میں سونا ہے ابھی
بیٹھ جائیں سایۂ دامان احمدؐ میں منیرؔ
اور پھر سوچیں وہ باتیں جن کو ہونا ہے ابھی​

منیر نیازی

No comments:

Post a Comment