Saturday 25 January 2014

منظر سمیٹ لائے ہیں جو تیرے گاؤں کے

منظر سمیٹ لائے ہیں جو تیرے گاؤں کے
 نیندیں چُرا رہے ہیں وہ جھونکے ہواؤں کے
تیری گلی سے چاند زیادہ حسِیں نہیں 
 کہتے سُنے گئے ہیں مسافر خلاؤں کے
پَل بھر کو تیری یاد میں دھڑکا تھا دل مِرا
 اب دُور تک بھنور سے پڑے ہیں صداؤں کے
دادِ سفر مِلی ہے کسے راہِ شوق میں 
 ہم نے مٹا دئیے ہیں نشاں اپنے پاؤں کے
جب تک نہ کوئی آس تھی، یہ پیاس بھی نہ تھی
 بے چین کر گئے ہمیں سائے گھٹاؤں کے
ہم نے لیا ہے جب بھی کسی راہزن کا نام
 چہرے اُتر اُتر گئے کچھ رہنماؤں کے
اُگلے گا آفتاب کچھ ایسی بلا کی دُھوپ
 رہ جائیں گے زمین پہ کچھ داغ چھاؤں کے

قتیل شفائی

No comments:

Post a Comment