Saturday, 25 January 2014

ساون کے سہانے موسم میں اک نار ملی بادل جیسی

ساون کے سہانے موسم میں اِک نار مِلی بادل جیسی
 بے پنکھ اُڑانیں لیتی ہے جو اپنے ہی آنچل جیسی
 وہ جس کی کمر تک چوٹی ہے، رنگت میں بیر بہوٹی ہے
 چُھو کر جو اُسے دیکھا میں نے وہ مجھ کو لگی مخمل جیسی
لایا ہے بنا کر اُس کو دُلہن، یہ جوبن، یہ البیلا پن
 اِس عمر میں سر سے پاؤں تک لگتی ہے وہ تاج محل جیسی
 چہرے پہ سجے آئینے ہیں، یا دو بے داغ نگینے ہیں
 کس جھیل سے آئی ہیں دُھل کر یہ آنکھیں نیل کنول جیسی
 جو دیکھے اسے وہ کھو جائے، کھو جائے تو شاعر ہو جائے
 اس کا انداز ہے گیتوں سا، اُس کی آواز غزل جیسی
 وہ ایسے قتیلؔ اب یاد آئے، سپنا جیسے کوئی دُہرائے
 میں آج بھی اُس کو چاہتا ہوں پر بات کہاں وہ کل جیسی

قتیل شفائی

No comments:

Post a Comment