Saturday 25 January 2014

گاتے ہوئے پیڑوں کی خنَک چھاؤں سے آگے نکل آئے

گاتے ہوئے پیڑوں کی خُنَک چھاؤں سے آگے نکل آئے
 ہم دُھوپ میں جلنے کو تِرے گاؤں سے آگے نکل آئے
 ایسا بھی تو ممکن ہے، مِلے بے طلب اِک مژدۂ منزل
 ہم اپنی دُعاؤں سے، تمناؤں سے آگے نِکل آئے
 کہتے ہیں کہ ان جسموں کو اِک روحِ مقدّس کی دُعا ہے
 وہ جسم کہ جو اپنے تھکے پاؤں سے آگے نکل آئے
 تھوڑا سا بھی جن لوگوں کو عرفانِ مذاہب تھا، وہ بچ کر
کعبوں سے، شوالوں سے، کلیساؤں سے آگے نکل آئے
 تھے ہم بھی گنہگار، پر اِک زاہدِ مکّار کی ضِد میں
 بازار میں بِکتی ہوئی سلماؤں سے آگے نکل آئے
 شہروں کے مکینوں سے مِلی جب ہمیں وحشت کی ضمانت
 ہم سِی کے گریبانوں کو صحراؤں سے آگے نکل آئے
 بنتی رہی اِک دُنیا قتیلؔ اپنی خریدار، مگر ہم
 یوسفؑ نہ بنے اور زلیخاؤں سے آگے نکل آئے

قتیل شفائی

No comments:

Post a Comment