Sunday, 2 February 2014

اپنے باطن کے چمن زار کو رجعت کر جا

اپنے باطن کے چمن زار کو رجعت کر جا
دیکھ اب بھی روشِ دِہر سے وِحشت کر جا
اپنا چلتا ہوا بت چھوڑ زمانے کے لیے
اور خود عرصۂ ایّام سے ہِجرت کر جا
مانتا جس کو نہ ہو دل وہ عمل خود پہ گزار
جو فسانہ ہو اسے چھو کے حقیقت کر جا
سر کٹایا نہیں جاتا ہے، تو کٹ جاتا ہے
بات اتنی ہے کہ اس کام میں سبقت کر جا
جاں سے آگے بھی بہت روشنیاں ہیں خورشید
اِک ذرا جاں سے گزر جانے کی ہِمت کر جا

خورشید رضوی

No comments:

Post a Comment