Monday, 14 April 2014

میں عاشقی میں تب سوں افسانہ ہو رہا ہوں

میں عاشقی میں تب سوں افسانہ ہو رہا ہوں
تیری نگاہ کا جب سوں دیوانہ ہو رہا ہوں
ای آشنا کرم سوں یک بار آ درس دے
تجھ باج سب جہاں سوں بیگانہ ہو رہا ہوں
باتاں لگن کی مت پوچھ اے شمع بزمِ خوبی
مدت سے تجھ جھلک کا پروانہ ہو رہا ہوں
شاید وہ گنجِ خوبی آوے کسو طرف سے
اس واسطے سراپا ویرانہ ہو رہا ہوں
سودائے زُلف خوباں رکھتا ہوں دل میں دائم
زنجیرِ عاشقی کا دیوانہ ہو رہا ہوں
بر جا ہے گر سنوں نئیں ناصح تیری نصیحت
میں جامِ عاشقی پی، مستانہ ہو رہا ہوں
کس سوں ولیؔ اُس کا احوال جا کہوں میں
سر تا قدم میں غم سوں دیوانہ ہو رہا ہوں

ولی دکنی

No comments:

Post a Comment