Monday, 31 August 2020

کسی دن میرے گھر وہ مہرباں آیا تو کیا ہو گا

کسی دن میرے گھر وہ مہرباں آیا تو کیا ہو گا
مِرے آنگن میں جنت کا سماں آیا تو کیا ہو گا
نہ اتنا ناز کر اے راہبرِ! منزل شناسی پر
بھٹکنے کی جو ضد پر کارواں آیا تو کیا ہو گا
حریمِ ناز میں جاتے ہوئے اک فکر ہے مجھ کو
پلٹ کر میں کہیں جو شادماں آیا تو کیا ہو گا
لپکتی ہے تجلی روح میں جس کے تصور سے
نظر کے سامنے وہ آستاں آیا تو کیا ہو گا
مِرے احباب سُوکھی کھیتیوں پر شعر کہتے ہیں
اگر موضوع رخسارِ بُتاں آیا تو کیا ہو گا
بھری برسات، کچا گھر، نہ شیشہ ہے نہ پیمانہ
علیم ایسے میں وہ میرے یہاں آیا تو کیا ہو گا

علیم عثمانی

No comments:

Post a Comment