ذرا سی دیر میں
پوری جنت تعمیر ہو گئی
آدھا جہنم بجھا دیا گیا
سات نئے آسمان کھول دئیے گئے
زمین سے خدا کا فاصلہ معلوم کر لیا گیا
اور میں اس عرصے میں
ذرا سی دیر میں
میری بیٹی کا جیومیٹری باکس
جیولری باکس میں تبدیل ہو گیا
میرا بیٹا کوہ قاف سے پری اڑا لایا
میری بیوی کی دعائیں خدا کو چھونے لگیں
اور میں اس عرصے میں
ایک کتبہ ہی تصنیف کر سکا
ذرا سی دیر میں
علی محمد فرشی
No comments:
Post a Comment