عارفانہ کلام نعتیہ کلام
ہر طرف لب پہ صل علیٰ ہے ہر طرف روشنی روشنی ہے
جشنِ میلاد ہے مصطفےٰﷺ کا کیا معطر معطر گھڑی ہے
آج سن لی ہے سب کی خدا نے کھل گئے رحمتوں کے خزانے
جتنا دامن میں آئے سمیٹو ہر طرف رحمتوں کی جھڑی ہے
چھٹ گئیں ظلمتوں کی گھٹائیں کیسے دن آج کا بھول جائیں
عید میلادﷺ آؤ منائیں کون سی عید اس سے بڑی ہے
ہم سے کہتا ہے خود ربِ اکبر میں ثناخوان ہوں مصطفےٰ کا
تم بھی بھیجو درود ان پہ ہر دم ان کی مدحت مِری بندگی ہے
اک خدا اک رسول ایک قرآں ایک کیوں کر نہیں پھر مسلماں
چھوڑ دو فرقہ بندی خدارا اس نے جاں کتنے بندوں کی لی ہے
ہر مسلمان ماتم کناں ہے گنگ انسانیت کی زباں ہے
آپ محسن ہیں انسانیت کے آپ کے درسے ہی لو لگی ہے
اپنے در پر ہی رکھنا خدارا غیر کا در نہیں ہے گوارا
آس مانا کہ عاصی بہت ہے پر حضور آپؐ کا امتی ہے
سعادت حسن آس
No comments:
Post a Comment