Saturday, 29 January 2022

تمنا گر ہے جنت کی تجھے زاہد عبادت کر

 تمنا گر ہے جنت کی تجھے زاہد عبادت کر

کمالِ بندگی گر چاہئے سب سے محبت کر

خلافت کر تو قائم پھر زمانے میں صداقت کی

کہ دے کر جان اپنی دینِ حق کی تو حفاظت کر

اخوّت اور محبت کی سدا تو پاسداری رکھ

تفرّق جو کرے آپس میں پیدا ان سے نفرت کر

کوئی تو ربط قائم ہو تیرا اسلافِ حق سے یوں

کہ ہو کرصاحبِ اوصاف ملّت کی امامت کر

فریبِ لذّتِ دنیا سے ہو کر تو کنارہ کش

کرے جو آشنا خود سے تجھے، پیدا وہ چاہت کر

امانت ہے تری یہ زندگی رب کی عطا ہے سب

نہ شوقِ جستجو خوفِ خدا میں یوں خیانت کر

مقدر میں لکھا ہے جو ملے گا بس وہی محسن

متاعِ جان و دنیا کی عبث میں یوں نہ حسرت کر


محسن کشمیری

No comments:

Post a Comment