Monday, 31 January 2022

کم وصل غزالوں کی طبیعت ہے مرے پاس

 کم وصل غزالوں کی طبیعت ہے مِرے پاس

زردائی ہوئی پهرتی ہوں وحشت ہے مرے پاس

میں تجھ سے بہت دور دهکیلی ہوئی کب ہوں

اپنی طرف آنے کی اجازت ہے مرے پاس

بوجهل نہیں لگتی مرے مصرعے کی شباہت

اک رنگ پئے رد ثقالت ہے مرے پاس

کیا کچھ نہیں بازارِ تمنا میں فراواں

یک بوسہ و دو اشک کی قیمت ہے مرے پاس

اس بار سمندر نے بلایا نہیں مجھ کو

اس بار کسی دشت کی دعوت ہے مرے پاس

میں موج بلا خیز سے کم پر نہیں راضی

دشواری یہی ہے کہ سہولت ہے مرے پاس

لگتا تو نہیں میں کسی منزل کے لیے ہوں

تنہائی کی بے انت مسافت ہے مرے پاس


شہلا شہناز

No comments:

Post a Comment