Sunday 30 January 2022

مجھے ایسے تمہیں نا آزمانا چاہیے تھا

 مجھے ایسے تمہیں نا آزمانا چاہیے تھا

بتا کر ہی تمہارے شہر آنا چاہیے تھا

مِرے ہر ہر قدم پر شک کی نظریں ہیں تمہاری 

تمہیں تو رُوٹھنے کا بس بہانا چاہیے تھا

مِرے بچے گئے ہیں کل سے پِکنک کا بتا کر

نہِیں آئے ابھی تک، اُن کو آنا چاہیے تھا

نجانے کس لیے تھا رات سناٹوں کا پہرہ 

مجھے محفل میں تھوڑا گُنگُنانا چاہیے تھا

کما کر میں جواں بچوں کو پالوں، بوڑھا ہو کر

یہ بے حِس ہیں انہیں ہر حال (کھانا) چاہیے تھا

ہوئی ہو گی مِری تاخِیر سے لوگوں کو زحمت

معافی دو مجھے بر وقت آنا چاہیے تھا

بہت ہی مختصر تھا ساتھ اپنا اور تمہارا

مگر تم کو بُھلانے کو زمانہ چاہیے تھا

کُھلی جو بات لوگوں نے اُچھالا کھول کے جی

انہیں تو گفتگو کو اک فسانہ چاہیے تھا

کسی دل کا کُھلا در دیکھ کر ہم آن بیٹھے

ہمیں تو سر چُھپانے کو ٹھکانہ چاہیے تھا

لگایا رتجگوں کا جس نے ان آنکھوں میں کاجل

سکوں ایسے ستمگر کا چُرانا چاہیے تھا

رشید اب تک گُناہوں میں گزاری زندگانی

تمہیں تھوڑی سی نیکی بھی کمانا چاہیے تھا


رشید حسرت

No comments:

Post a Comment