Sunday, 30 January 2022

کوئی عہد وفا بھولا ہوا ہوں

 کوئی عہد وفا بھولا ہوا ہوں

نہیں کچھ یاد کیا بھولا ہوا ہوں

خبر گیری کروں گا کیا کسی کی

میں خود اپنا پتا بھولا ہوا ہوں

اگر مانگوں تو شاید پا سکوں کچھ

مگر حرفِ دعا بھولا ہوا ہوں

خود اپنے شہر ہی میں ہوں مسافر

میں گھر کا راستہ بھولا ہوا ہوں

مجھے ہے یاد جو تجھ سے سنا تھا

خود اپنا ہی کہا بھولا ہوا ہوں

ہوں زندہ اس لیے فرقت میں اب تک

کہ نشہ وصل کا بھولا ہوا ہوں

دعائیں مانگتا ہوں سب کی خاطر

خود اپنا مدعا بھولا ہوا ہوں

غم دنیا،۔ غم دوراں،۔ غم دل

سبھی تیرے سوا بھولا ہوا ہوں

ندیم اس کے بنا جیون یہ میرا

جزا ہے یا سزا بھولا ہوا ہوں


فرحت ندیم ہمایوں

No comments:

Post a Comment