Monday 31 January 2022

دنیا ہے منتظر یہاں اکرام کے لیے

 دنیا ہے منتظر یہاں اکرام کے لیے

میں منتظر ہوں اک نئے الزام کے لیے

آنکھوں کے ان کٹوروں میں کچھ بانجھ حسرتیں

رختِ سفر ہیں منزلِ گمنام کے لیے

میں اپنے ہی مزار کی لوئے چراغ ہوں

مدت سے محوِ رقص ہو بس نام کے لیے

میرے لیے تو دنیا ہی بازارِ مصر ہے

گوندھا گیا ہوں میں بھی تو نیلام کے لیے

ٹھہری ہوئی ہے پلکوں پہ امیدِ نا تمام

مدت سے اپنے آخری انجام کے لیے

میں دو دلوں کے عشق کی معراج ہوں مگر

آیا ہوں اپنے سامنے دشنام کے لیے

خوابوں کی آنکھیں سرخ ہیں سوکھے ہوئے گلے

اور محوِ رقص جسم ہے اک جام کے لیے

جوگی کو جوگ حسن کو تابانیوں کے رنگ

بخشے ہیں صرف فانی سی اک شام کے لیے

پہلے تو روپ دے دیا صیاد کا مجھے

پھر مجھ سے کہہ دیا ہے مکیں دام کے لیے

سجدوں میں آنکھ موجِ نسیمی سے تر بتر

ہم نے رکھی تو عارضی گلفام کے لیے


نسیم شیخ

No comments:

Post a Comment