Monday, 31 January 2022

ان کے بیان نسخۂ صحت فزا کے بعد

 نسخہ


اک ڈاکٹر سے مشورہ لینے کو میں گیا

ناسازئ مزاج کی کچھ ابتداء کے بعد

کرنے لگے وہ پھر میرا طبی معائنہ

اک وقفۂ خموشئ صبر آزما کے بعد

ضرباتِ قلب و نبض کا جب کر چکے شمار

بولے وہ اپنے پیڈ پر کچھ لکھ لکھا کے بعد

ہے آپ کو جو عارضہ وہ عارضی نہیں

سمجھا ہوں میں تفکرِ بے انتہا کے بعد

لکھا ہے اک نسخۂ اکسیر و بے بدل

دربارِ ایزدی میں شفا کی دعا کے بعد

لیجئے نمازِ فجر سے پہلے یہ کیپسول

کھائیں یہ گولیاں بھی نمازِ عشاء کے بعد

سیرپ کی ایک ڈوز بھی لیجئے نہار منہ

پھر ٹیبلٹ یہ کھائیے پہلی غذا کے بعد

لینی ہے آپ کو یہ دوا، اس دوا سے قبل

کھانی ہے آپ کو یہ دوا، اس دوا کے بعد

ان سے خلل پذیر اگر ہو نظامِ ہضم

پھر مکسچر یہ پیجئے اس ابتلا کے بعد

لازم ہے پھر جناب یہ انجکشنوں کا کورس

اٹھیں نہ ہاتھ آپ کے گر اس دوا کے بعد

پھر چند روز کھائیں یہ ننھی سی ٹیبلٹ

کُھجلی اٹھے بدن میں اگر اس دوا کے بعد

تجویز کر دئیے ہیں وٹامن بھی چند ایک

یہ بھی ضرور کھائیے ان ادویہ کے بعد

چھ ماہ تک دوائیں مسلسل یہ لیجئے

پھر یاد کیجئے گا حصولِ شفا کے بعد

اک وہم تھا کہ دل میں میرے رینگنے لگا

ان کے بیانِ نسخۂ صحت فزا کے بعد

کیمسٹ کی دُکان بنے گا شکم مِرا

ترسیلِ ادویہ کی اس انتہا کے بعد

میں نے کہا کہ آپ مجھے پھر ملیں گے کب

روزِ جزا سے قبل یا روزِ جزا کے بعد


انور مسعود

No comments:

Post a Comment