Friday, 21 January 2022

جمال عکس محمدی سے فضائے عالم سجی ہوئی ہے

عارفانہ کلام نعتیہ کلام


جمال عکس محمدیﷺ سے فضائے عالم سجی ہوئی ہے

قرارِ جاں بن کے زندگی میں انہی کی خوشبو بسی ہوئی ہے

خدائے واحد کی بن کے برہاں حضورؐ آئے ہیں اس جہاں میں

دکھوں سے جلتی ہوئی زمیں پھر ہر ایک غم سے بری ہوئی ہے

نجانے کیسا کمال دیکھا،۔ نبیﷺ کا جس نے جمال دیکھا

حواس گم سم، نگاہ حیراں، زباں کو چپ سی لگی ہوئی ہے

سمندروں کی تہوں سے لے کر مقامِ سدرہ کی رفعتوں تک

مِرے نبیﷺ کے کرم کی چادر ہر اک جہاں پر تنی ہوئی ہے

تمام چاہت کے روگیوں کا عجیب ہم نے کمال دیکھا

جدا جدا صورتیں ہیں لیکن دلوں کی دھڑکن جڑی ہوئی ہے

وہی حقیقت میں زندگی ہے، وہی حقیقت میں بندگی ہے

جو میرے سرکارؐ کی محبت کے راستوں پر پڑی ہوئی ہے

انگشتری میں نگینہ جیسے، زمیں کے دل پر مدینہ جیسے

حضورؐ اس طرح آس تیری، مِری نظر میں جڑی ہوئی ہے


سعادت حسن آس

No comments:

Post a Comment