Sunday 22 December 2013

بات شبیر کی گفتار میں رکھی ہوئی ہے

عارفانہ کلام منقبت سلام مرثیہ

بات شبیر کی گفتار میں رکھی ہوئی ہے
وجہِ انکار بھی انکار میں رکھی ہوئی ہے
سامنے سے کبھی ہٹتی نہیں صبحِ عاشور
میں نے وہ دیدۂ بیدار میں رکھی ہوئی ہے
دینِ حق جس سے شفایاب نظر آتا ہے
وہ شفا تو کسی بیمار میں رکھی ہوئی ہے
کربلا اس لئے نسلوں کی محافظ ہے مِری
یہ کہانی میرے کردار میں رکھی ہوئی ہے
کوئی ظالم اسے اب کیسے مٹا سکتا ہے
کربلا قلبِ عزادار میں رکھی ہوئی ہے
دیکھ کر حُرؓ کے مقدر کو یقیں یہ آیا
جرأتِ حق بھی گنہگار میں رکھی ہوئی ہے
دھوپ میں بیٹھی ہوئی سوچتی ہیں اْمِ رباب
قتل گاہ سایۂ دیوار میں رکھی ہوئی ہے
کربلا ان کی مخالف ہے کے جن لوگوں نے
عزتِ نفس بھی دستار میں رکھی ہوئی ہے
فرق جو ڈھونڈتے ہیں آج بھی خیر و شر میں
گفتگو ان سے تو بے کار میں رکھی ہوئی ہے
جانے کس دورِ خراباں میں پڑے ہیں نقاش
امن کی بات بھی تلوار میں رکھی ہوئی ہے

وصی الحسن نقاش

No comments:

Post a Comment