آنکھیں ہیں
تاریخ کا کچرا دان نہیں ہیں
جن کے اندر
تم اپنے من چاہے اور بوسیدہ منظر پھینکتے جاؤ
بِینائی کا معنی، سب کچھ دیکھتے رہنا کب ہوتا ہے
کاغذ کے ٹکڑوں میں کُوڑا بھر لائے ہو
اور بضد ہو
میں اس کوڑھ بھری خلوت کو
سچائی کی جلوت سمجھوں
جاؤ
اور جا کر یہ کُوڑا
ان آنکھوں کے اندر بھر دو
جو اندھی تقلید کے ہاتھوں بِینائی ہی کھو بیٹھی ہیں
یہ تحقیق کی رَسیا کافر آنکھیں ہیں
تم ایسی کافر آنکھوں سے عہدِ اطاعت مانگ رہے ہو
آنکھیں ہیں
تاریخ کا کچرا دان نہیں ہیں
علی زریون
No comments:
Post a Comment