Thursday, 29 July 2021

پئے عبرت مصور نے بنائی ہیں یہ تصویریں

 پئے عبرت مصور نے بنائی ہیں یہ تصویریں

سروں پر تاج رکھے ہیں تو پیروں میں ہیں زنجیریں

جو ہو عزمِ مصمم تو خدا بھی ساتھ دیتا ہے

مقدر کو بھی تابندہ بنا دیتی ہیں تدبیریں

محبت سے دلوں کوجیتنے کا فن وہ کیا جانیں

ذرا سی بات پر جن کی نکل آتی ہیں شمشیریں

نہیں دُھندلا سکی ہے وقت کی رفتار بھی ان کو

جو دل پر نقش ہوتی ہیں نہیں مٹتی وہ تحریریں

کوئی اک گام چل سکتا نہیں ہے کیوں؟ ذرا سوچو

یہ کس نے ڈال دیں پیروں میں اندیکھی سی زنجیریں

خطا کس سے ہوئی؟ راہِ وفا میں کیا خبر ہمدم

مگر دُھندلا گئی ہیں یک بیک کیوں ساری تصویریں

مہ و انجم کی تابش ہو کہ رنگِ لالہ و گل ہو

انہیں سے ہوتی ہیں دلکش دلوں کی ساری تحریریں


تبسم اعظمی

No comments:

Post a Comment