Saturday, 31 July 2021

اب میرا انتظار کر

 اب میرا انتظار کر


میں جھلملاتی کسی کہکشاں سے اتری ہوئی

نہ جانے کون سی دنیا میں آن بیٹھی ہوں

یہ راستے تیری موجودگی کی خاک لیے

میرے وجود کے اس دشت سے گزرتے ہیں

تُو وقتِ فجر جہاں مجھ پہ آ کہ برسا تھا

میں اوس اوس کہیں ڈالیوں پہ اُتری تھی

تُو رنگ رنگ کبھی بادلوں پہ دِکھتا تھا

یوں خواب خواب کسی تشنگی کو سہتے ہوئے

یہ کیا ہوا کہ میرے ہونٹ ہی جُھلس گئے ہیں

میں تیری دید کی کن حسرتوں سے گزری ہوں

کہ میری آنکھ بھی پتھرا گئی ہے اور دل بھی

میں اپنی زیست کے اس بیکراں سمندر میں

نہ جانے کتنی دفعہ ڈوب کر ابھر آئی

مگر یہ کیا کہ مجھے ڈُوبنا اُبھرنا اب

فضول وقت گزاری کا کام لگتا ہے

یقین کر میں ہراساں ہوں یہ بتانے سے

کہ تیری یاد کی وحشت زدہ صداؤں نے

عجیب طرح کی آسودگی عطا کی ہے

میں جانتی ہوں کہ تُو خود پلٹنا چاہتا ہے

مگر میں سوچ رہی ہوں کہ تیرے آنے پر

جُھلستے ہونٹ تیرے ہاتھ کیسے چُومیں گے

تیری نظر کی چمک سے بھی جو جلیں گے نہیں

وہ دل اور آنکھ محبت کے لوٹ آنے پر

خوشی کے نِیر بھلا کس طرح بہائیں گے


انجیل صحیفہ

No comments:

Post a Comment