Friday 11 April 2014

بجھنے لگ جائیں تو پھر شمعیں جلا دی جائیں

بجھنے لگ جائیں تو پھر شمعیں جلا دی جائیں
 مِری آنکھیں، مِرے دشمن کو لگا دی جائیں
بے ہنر لوگ کہاں، حرف کی سچائی کہاں
اب کتابیں کسی دریا میں بہا دی جائیں
ان کی پہچان کا دکھ جاں سے گزر جاتا ہے
یہ شبیہیں سرِ آئینہ گنوا دی جائیں
اب بچھڑنے کا سلیقہ ہے نہ ملنے کا ہُنر
عشق میں تہمتیں آئیں تو بھلا دی جائیں
یا تو خورشید چمکتا رہے پیشانی میں
یا لکیریں مِرے ماتھے کی مٹا دی جائیں
کتنی بھولی ہوئی باتیں ہمیں آج اس کی سلیم
یاد آئیں ہے تو اب اس کو بتا دی جائیں 

سلیم کوثر

No comments:

Post a Comment