Thursday, 1 October 2015

دل حزیں کسی صورت قرار پا نہ سکا

دلِ حزیں کسی صورت قرار پا نہ سکا
تِرے بغیر مجھے غم بھی راس نہ سکا
غرورِ ہوش، محبت میں کام آ نہ سکا
میں خود کو بھول گیا اور انہیں بھلا نہ سکا
گِرا دیا جسے اے دوست تُو نے نظروں سے
زمانہ اس کی تباہی کا بار اٹھا نہ سکا
بہاریں آئیں، خزاں آئی، انقلاب آئے
مِرے سوال کا لیکن جواب آ نہ سکا
شکایتیں تو بڑی چیز تھیں کسی کے حضور
مِری زباں پہ شُکرِ کرم بھی آ نہ سکا
نگاہِ ناز پھِری اور رہ گئی پھِر کر
پھر اس کے بعد کوئی انقلاب آ نہ سکا
مِرا مقامِ محبت جدا ہے سب سے قمرؔ
جہاں پہ میں ہوں وہاں اور کوئی آ نہ سکا

قمر مرادآبادی

No comments:

Post a Comment