Saturday 31 December 2016

سدا اپنی روش اہل زمانہ یاد رکھتے ہیں

سدا اپنی روش اہلِ زمانہ یاد رکھتے ہیں
حقیقت بھول جاتے ہیں فسانہ یاد رکھتے ہیں
ہجوم اپنی جگہ تاریک جنگل کے درختوں کا
پرندے پھر بھی شاخِ آشیانہ یاد رکھتے ہیں
ہمیں اندازہ رہتا ہے ہمیشہ دوست دشمن کا
نشانی یاد رکھتے ہیں، نشانہ یاد رکھتے ہیں
ہم انسانوں سے یہ سنگ و خِشت بام و در اچھے
مسافر کب ہوا گھر سے روانہ یاد رکھتے ہیں
دعائے موسمِ گل ان کو راس آ ہی نہیں سکتی
جو شاخِ گل کے بدلے تازیانہ یاد رکھتے ہیں
ہماری سمت اک موجِ طرب آئی تو یاد آیا
کہ کچھ موسم ہمیں بھی غائبانہ یاد رکھتے ہیں
غرور ان کو اگر رہتا ہے اپنی کامیابی کا
سحؔر ہم بھی شکستِ فاتحانہ یاد رکھتے ہیں

سحر انصاری

No comments:

Post a Comment