دورِ گردوں ہے مجھے در در پھرانے کے لیے
میرے باعث سے ہوئی گردش زمانے کے لیے
بے نوائی ہو مقدر میں تو کیجے عاشقی
یہ بہانہ خوب ہے، ذِلت اٹھانے کے لیے
شامِ غم کی آفتیں اے دل! میں تجھ سے کیا کہوں
واں تغافل ہے سراسر، خوش ہوں یاں میں سادہ دل
اک ادا ہے، یہ بھی الفت آزمانے کے لیے
اپنے صورت گر سے پوچھوں میں اگر مقدور ہو
کیا بنایا تھا مجھے تُو نے مٹانے کے لیے
زندگی میں ہے ہمیں دوزخ کہ دل رکھتے ہیں ہم
کم ہے یہ آتش کا پرکالہ، جلانے کے لیے
منزلِ مقصود تک مرؔزا پہنچ ہی جائیں گے
خضرِ دل ہمراہ ہے، رستہ بتانے کے لیے
مرزا ہادی رسوا
لیلیٰ مجنوں صفحہ 96 تا 97
No comments:
Post a Comment