آ، اے ندیم! طاعتِ مِینا و مے کریں
اک جام پر نثار دو صد روم و رے کریں
ہو جائیں سطحِ وقت سے، آ، ہمنشیں بلند
مابینِ صبح و شام سفر تا بہ کے کریں
بجنے لگے درود سے محرابِ کائنات
جس کا ہے ایک نقطہ ازل، دوسرا ابد
اک ہُو سے نیم آن میں وہ راہ طے کریں
آ، شورشِ معاش و خروشِ معاد کو
غرقِ نواۓ چنگ و دف و عود و نے کریں
آ، خاکِ بارگاہِ قناعت پہ بیٹھ کر
تشریحِ بے نوائیِ کاؤس و کے کریں
قرآن کو گواہ بنا کر، بصد خروش
اعلانِ سودمندئ جرعاتِ مے کریں
اٹھ جوؔش، موسموں کو سمونے کے واسطے
تسخیرِ ملکِ بہمن و اقلیمِ دے کریں
جوش ملیح آبادی
No comments:
Post a Comment