Monday, 11 December 2017

نہ آج خود کو سنبھالو اگر مری مانو

نہ آج خود کو سنبھالو اگر مِری مانو
مجھے گلے سے لگا لو اگر مری مانو
بہت نشاط فزا رقص گاہ کی ہے یہ شب
مزاج تم بھی بنا لو اگر مری مانو
پسِ وصال بھلا کیا علاجِ مرگِ امید
تم ایک جام اٹھا لو اگر مری مانو
مِرے قلم میں سیاہی ہے روشنائی نہیں 
تم اپنے حرف مِٹا لو اگر مری مانو
ہوا ہے شہر میں سچ کا حرام نطق و بیاں
زباں پہ قفل لگا لو اگر مری مانو
بنامِ غیر جو دشنام ہیں مجھے دے لو 
غبارِ دل تو نکالو اگر مری مانو
تمہارا سودا وفا اور جنوں مری نقدی
دکان اپنی بڑھا لو اگر مری مانو
بہاؤ نہ رخِ نازک پہ اشکِ حزن و ملال
قصاصِ قتلِ وفا لو اگر مری مانو
مزاجِ دشت نوردی جو تم نبھا نہ سکو 
تو مجھ سے راہ جدا لو اگر مری مانو
ادائے قرضِ چمن کا ہوا ہے وقت ضمیرؔ
حسابِ سود لگا لو اگر مری مانو

اویس ضمیر

No comments:

Post a Comment