اس لیے قریۂ دل میں مِری عزت کم ہے
میرے کاسے میں ابھی عجز کی دولت کم ہے
میں ہر اک کام تسلی سے کیا کرتا ہوں
عشق مت سونپئے صاحب مجھے فرصت کم ہے
بانٹ سکتی ہے مِرا ہجر اداسی میری
آج کل مجھ پہ مگر اس کی عنایت کم ہے
کر دیا میں نے ہواؤں کے حوالے، ورنہ
غم کو خوشبو میں بدلنے کی راویت کم ہے
عشق کرتا ہوں عبادت کے قرینے سے کبیر
اس لیے بھی مِرے اس کام کی شہرت کم ہے
کبیر اطہر
No comments:
Post a Comment