Thursday 28 April 2022

دو قدم چاند مرے ساتھ جو چل پڑتا ہے

 دو قدم چاند مِرے ساتھ جو چل پڑتا ہے

شہر کا شہر تعاقب میں نکل پڑتا ہے

میں سرِ آب جلاتا ہوں فقط ایک چراغ

دوسرا آپ ہی تالاب میں جل پڑتا ہے

پیاس جب توڑتی ہے سر پہ مصیبت کے پہاڑ

کوئی چشمہ میری آنکھوں سے ابل پڑتا ہے

بے خیالی میں اسی راہ پہ چل پڑتا ہوں

جانتا بھی ہوں کہ اس راہ میں تھل پڑتا ہے

ایسا لگتا ہے کہ تُو دیکھ رہا ہے مڑ کر

جب ہواؤں سے کسی شاخ میں بل پڑتا ہے

ٹوٹ جاتا ہے محبت کا تسلسل یکسر

آج کے بیچ میں جس وقت یہ کل پڑتا ہے

درد بھی دیتا ہے دروازے پہ دستک دوشی

دل کی دھک دھک سے بھی خوابوں میں خلل پڑتا ہے


سعید دوشی

No comments:

Post a Comment