Saturday 7 December 2013

کبھی سراب کبھی ریگ رائیگاں سے ہوا

کبھی سراب کبھی ریگِ رائیگاں سے ہُوا
مجھے یقین ہمیشہ کسی گماں سے ہُوا
پڑاؤ جونہی کِیا میں نے نصف رستے میں
نئے سفر کا تہیّہ نئے مکاں سے ہُوا
بدل لِیا تھا ہواؤں سے میں نے پانی کو
بلند جونہی میں دریا کے درمیاں سے ہُوا
میں لوٹ آیا تعاقب میں نقشِ پا چھوڑے
تو ہمکلام کہیں جا کے آسماں سے ہُوا
چھپا لِیا تھا مجھے رات کی کہانی نے
میں بے نِشان مگر اپنی داستاں سے ہُوا

زاہد مسعود

No comments:

Post a Comment